ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : شہر کو 2 حصوں میں بانٹ رہا ہے نیشنل ہائی وے فور لین منصوبہ 

بھٹکل : شہر کو 2 حصوں میں بانٹ رہا ہے نیشنل ہائی وے فور لین منصوبہ 

Fri, 11 Mar 2022 10:26:34    S.O. News Service

بھٹکل،11؍ مارچ (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے فورلین منصوبہ کا کام مقررہ میعاد میں ختم کرنے کے لئے ضلع  ڈپٹی کمشنر کی جانب سے الٹی میٹم دئے جانے کے بعد بھٹکل میں ادھورا کام عجلت کے ساتھ مکمل کرنے کی تیاریاں چل رہی ہیں ۔ لیکن اس سے ہونے والی مشکلات دیکھتے ہوئے عوام کی جانب سے مخالفت کا سلسلہ بھی تیز ہو گیا ہے۔ 

عوام کے لئے اب سب سے بڑا مسئلہ رنگین کٹہ سے منی ودھان سودھا تک فلائی اوور کے بجائے ریامپ کی تعمیر کا نیا منصوبہ ہے ۔ کیونکہ ریامپ تعمیر ہونے پر شہر کا کاروباری اور ہمہ وقت چہل پہل والا علاقہ بالکل دو حصوں میں تقسیم ہوکر رہ جائے گا۔ 

شمس الدین سرکل کا علاقہ بس اسٹینڈ ، ٹیمپو اور رکشہ اسٹینڈ ، اسکول اور کالجز، سرکاری اسپتال ، ہفتہ واری مارکیٹ ، منی ودھان سودھا اور تجارتی مراکز کی وجہ سے ایک مصروف ترین علاقہ ہے ۔ نیشنل ہائی وے توسیعی منصوبہ کے اصل نقشہ کے مطابق یہاں پر فلائی اوور اور سروس روڈ کے علاوہ مین روڈ کو جوڑنے والی سڑک ہونی چاہیے ۔ لیکن ہائی اتھاریٹی نے اس نقشہ میں تبدیلی کرتے ہوئے اب یہاں ریامپ تعمیر کرنے اور سرکل کے پاس انڈر پاس رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ شہر پوری طرح دو حصوں میں تقسیم ہوجائے گا اور سروس روڈ اور رابطہ کی سڑک بھی نہیں ہوگی ۔ اس سے عوام کو ناقابل بیان دشواریوں سے گزرنا پڑے گا۔ 

اس مسئلہ کو اعلیٰ سطح پر اٹھانے اور اس کا حل نکالنے کے لئے نیشنل ہائی وے ہوراٹا سمیتی متحرک ہوگئی ہے اور بڑے پیمانے پر اس کے خلاف احتجاج کا منصوبہ بنایا جارہا ہے ۔ اس کمیٹی کے کنوینر راجیش نائک نے بتایا کہ 2017 کے نقشہ کے مطابق یہاں پر فلائی اوور کے ساتھ 300 میٹر کا ریامپ تعمیر کرنے کی بات کہی گئی تھی ۔ ہم لوگوں نے ضلع انچارج وزیر کے توسط سے صرف 180 میٹر ریامپ کی  مانگ رکھی تھی ۔  اب ایک مہینے قبل نقشہ میں تبدیلی کی گئی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ سابقہ نقشہ کے مطابق ہی فلائی اوور تعمیر کیا جائے۔ 


Share: